لاہور(عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام کو اپنے حقوق کےلئے پر امن احتجاج سے روکنا اور گرفتاریاں کرنا قابل مذمت ہے ،حکومت زور بازو عوام کے شعور کے آگے بند نہیں باندھ سکتی ، جو تین سو یونٹ مفت بجلی دینے کے دعویدارتھے وہ ٹیکس لگا کر سولر سے بجلی پیدا کرنے والے صارفین سے یہ سہولت چھیننا چاہتے ہیں۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی چیئرمین کی کال پر پی ٹی آئی نے عام اور ضمنی انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ کی چوری کے خلاف پر امن احتجاج کیا لیکن پولیس کی مدد سے کارکنوں اور عوام پر تشدد اور گرفتاریوں سے ثابت ہو گیا حکومت خوف کا شکار ہے ۔ زور زبردستی کے مینڈیٹ کے ذریعے آنے والی حکومت ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے غیر معمولی فیصلے نہیں کر سکتی ۔
نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ زبان بندی کے فیصلے کئے جارہے ہیں ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہر طرح کے ظلم و جبر کے باوجود عوام اپنے حقوق کےلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔