اسلام آباد( عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش گھمبیر چیلنجز کے حل کیلئے حکومت اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں ، مسلم لیگ (ن)چاہتی ہے کہ ہر سطح پر نفاق پیدا کیا جائے تاکہ اس کے ذاتی مفادات پر مبنی عزائم کی تکمیل ہو سکے ،حکومت کورونا وباء کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے بھی اپنی پیشگی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاست کے ادارے ایک سوچ رکھیں گے تو ملک کو دیرینہ چیلنجز سے چھٹکارا ملے گا اور اسی کے تحت پیشرفت کی جارہی ہے اور پاکستان کو کامیابیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) چاہتی ہے کہ جس طرح انہوںنے اپنے دور میں اداروں سے محاذ آرائی کی موجودہ حکومت میں ایساکیوں نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ جب مسلم لیگ(ن) کی خود ساختہ لیڈر ملکی معاملات کی سطح پر ڈائیلاگ کی بات کرتی ہیں تو وہ اسٹیک ہولڈرز کے حوالے سے اپنے بیانات کی خود ہی نفی کر دیتی ہیں ،ان کے قول و فعل میں واضح تضاد ہے اور عوام اس کی اصل وجوہات سے بھی آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جمہوری جماعت ہے ،ہم گلگت بلتستان کے انتخابات میں سیاسی میدان میں مقابلہ کر رہے ہیں اور عوام بہترین منصف ہیں جبکہ اپوزیشن کی جانب سے انتخابات کے انعقاد سے قبل ہی انہیں متنازعہ بنانے کی کوششیں شروع کر دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پرانشااللہ وفاق اور چاروں صوبوں میں زیادہ اکثریت سے حکومتیں بنائیں گے۔