لاہور(عکس آن لائن ) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت آئی ٹی کے فروغ کیلئے ارفع کریم کا مشن آگے بڑھا رہی ہے اور اس کے لئے خاطرخواہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے کم عمر ترین انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ماہر ارفع کریم کی آٹھویں برسی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی ہونہار اورذہین بیٹی ارفع کریم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارفع کریم نے کم عمری میں اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا، قوم کی اس ہونہار بیٹی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں۔ان کا کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ آئی ٹی پروفیشنل ارفع کریم نئی نسل کیلئے عزم وہمت کی علامت ہے، جو اپنی محنت،لگن اور خلوص کی بدولت تاریخ کے اوراق پر روشن ستارے کی طرح چمک رہی ہے اور ان جیسی ذہین بیٹیاں ملک کیلئے امید کی کرن ہیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے میں گڈ گورننس کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کااعزاز پنجاب حکومت کو حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ ارفع کریم نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرکے دنیا کو یہ باور کرایا کہ پاکستانی بچے و بچیاں سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔