لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدراشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومتی دعوﺅں کے باوجودہیجان کی کیفیت ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ،کئی ماہ سے کاروبار میں مسلسل مندی کا رجحان ہے جس کی وجہ سے تاجروں کیلئے کاروبار کو جاری رکھنا مشکل ہوتا جارہاہے ،حکومت مہنگائی کم کر کے عوام کی قوت خرید بحال کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں تاجروںکے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت ہر روز معیشت کی بہتری کے دعوے کر رہی ہے لیکن اس کے اثرات کہیں نظر نہیں آرہے اور ہیجان کی کیفیت کی وجہ سے ہر شخص آنے والے کل کے حوالے سے خوف کا شکار ہے۔ حکومت اس صورتحال کا جائزہ لے کر اس کے تدارک کیلئے اقدامات کرے۔ انہوںنے کہا کہ مارکیٹوں میں کاروبار میںمسلسل مندی کا رجحان ہے اور تاجروں کیلئے عملے کی تنخواہیں او ریوٹیلٹی بلز کی ادائیگی بھی مشکل ہو گئی ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اسٹیک ہولڈرز سے مل کر مشاورت کا عمل شروع کیا جائے تاکہ کاروبار کرنے والوں کے لئے آسانیاں پیدا ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافے اور آمدن میںکمی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید بھی جواب دے گئی ہے اور صورتحال گھمبیر صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے جس کے اثرات معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔