لاہور (عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشر ف بھٹی نے کہا ہے کہ سرکاری ادارے اس طرح کے اقدامات نہ کریں جس سے تاجروں اورحکومت کے درمیان پائی جانے والی خلیج کو مزید وسیع کر دینگے، حکومت اورمتعلقہ ادارے کاروبار بند ہونے کی وجوہات کے تدارک کی بجائے از خود مشکلات پیدا کرنے کا سب بن رہے ہیں ۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر محبوب سرکی،میاں طارق فیروز ، محمد شہزاد بھٹی ،ظہیر اے بابر، نعیم بادشاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ نا مساہد حالات کے باوجود تاجر بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن دوسری جانب سے گرمجوشی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ۔
موجودہ حالات میں جب تاجروں اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک کی صورتحال ہے ایسے میں نان فائلرز تاجروں کے کنکشنز منقطع کرنے کافیصلہ کسی صورت بھی درست اقدام نہیں ہوگا بلکہ اس سے سے تاجروں میں مزید بد دلی پھیلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کو دیوار کے ساتھ لگانے سے گریز کرے اور کاروبار کو چلنے دے تاکہ معیشت کا پہیہ رواں دواں رہے ۔ انہوں نے کہا کہ فکس ٹیکس اور شناختی کارڈ کی شرط کی وجہ سے بہت سے تاجر تذبذب کا شکارہیں اوروہ پیشرفت کرنے سے گریزاں ہیں اس لئے حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرے۔