لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران عوام کو معاشی مشکلات سے آگاہ کرنے کی بجائے انتخابی مہم کے دوران کئے گئے وعدوں کے مطابق ریلیف دیں، ہم انہیں تین سو یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کا وعدہ بھی یاد کراتے رہیں گے ۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننے کے طعنے دینے والے خود کیا کر رہے ہیں ، سوال یہ ہے کیا آج آئی ایم ایف قرض کے بدلے عوام کو ریلیف دے رہا ہے ؟۔
انہوں نے کہا کہ ابھی حکومت کو آئی ایم ایف سے قرض کی قسط موصول نہیں ہوئی لیکن بجلی اور گیس کے ٹیرف میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے بلکہ یہاں تک کہ عوام کی ہڈیاں بھی نچوڑی جارہی ہیں۔
انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ ان کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ، عوام کے لئے دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے دعویداروں کو ان کے انتخابی وعدے یاد دلاتے رہیں گے۔