سیہون(عکس آن لا ئن)وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق ایم کیو ایم کا اپنا موقف ہے، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے،بلدیاتی الیکشن اپنے وقت پر ہونگے۔سیہون ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں خالد مقبول صدیقی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا بیان نہیں سنا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا موقف الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا ہے، وہ جو فیصلہ کرے گا اس پر عمل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ آج آصف زرداری کی زیرصدارت اجلاس ہے،
ایاز صادق سمیت جو بھی ہمارے اتحادی ہیں وہ سب اجلاس میں شرکت کریں گے۔وزیرِ اعلی سندھ نے کہا کہ آصف زرداری کے ساتھ ملکی صورتِ حال کے بارے میں صلاح مشورے کریں گے، سب کو اپنا موقف پیش کرنے کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت میں مسائل ہیں، ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی طرف سے کچھ وفاقی وزرا کراچی آئے تھے جن سے ہماری میٹنگ ہوئی۔وزیرِ اعلی سندھ نے مزید کہا کہ ہمارا امپورٹ بل بہت بڑھ گیا ہے، ہم سب کو اپنی کمر کسنی ہو گی، مجھے یقین ہے کہ وزیرِ اعظم کے پاس تجربے کار ٹیم ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری میں صوبوں سے جو مدد چاہیے ہم اس کے لیے بالکل حاضر ہیں۔
سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز نے سیلاب میں متاثرین کی مدد کی۔وہ تمام علاقے جہاں پر سیلاب کا پانی ہے وہاں سے پانی نکال رہے ہیں جبکہ سیلاب متاثرہ لوگوں کو امداد بھی دی ہے۔سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ سندھ میں 95 فیصد سیلابی پانی نکل چکا ہے، اگلے ہفتے میں لوگوں کا گھر بنانے کا کام شروع ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مجھے کسی ذمہ دار آدمی نے ٹیکنوکریٹ حکومت سے متعلق نہیں بتایا، کچھ غیر زمہ دار لوگ ٹیکنوکریٹ حکومت کی باتیں کرتے ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہاکہ لوگوں کو اپنے نمائندے ملنے چاہئیں تاکہ وہ لوکل مسائل حل کریں، ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے جبکہ بلدیاتی الیکشن اپنے وقت پر ہونگے۔