ہمایوں اختر خان

حقیقی آزادی کیلئے جاری جدوجہد کا کامیاب ہونا نوشتہ دیوار ہے’ ہمایوں اختر خان

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ جس طرح عام لوگ جوق در جوق عمران خان کے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں اس سے حقیقی آزادی کیلئے جاری جدوجہد کا کامیاب ہونا نوشتہ دیوار ہے ،عمران خان نے سیاست کرتے ہوئے اور اپنے دور اقتدار میں کرپشن کے خلاف ،شفافیت ، میرٹ ، اصلاحات اورخود داری سے جینے کیلئے جو معیار متعارف کرائے ہیں اگر اب کسی نے پاکستان میں سیاست کرنی ہے تو انہیں اپنائے بغیر کامیابی ممکن نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضمنی حلقہ پی پی 158سے امیدوار میاں عثمان اکرم کے ہمراہ انتخابی مہم کے دوران مختلف علاقوں کے اکابرین سے ملاقاتوں اور کارنر میٹنگزسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر حلقے سے تعلق رکھنے والے با اثر سیاسی خاندانوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اور ضمنی انتخابات میں عمران خان کے نامزد کردہ امیدواروں کی حمایت کا اعلان بھی کیا ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں عمران خان کی قیادت میں پہلی حکومت آئی تھی جس نے ٹھوس معاشی اصلاحات پر توجہ دی لیکن ایک سازش کے تحت رجیم چینچ آپریشن کے ذریعے ساڑھے تین سالوں کی محنت پر پانی پھیر دیا گیا ۔ گزشتہ مالی سال کے اقتصادی سروے کی رپورٹ موجودہ حکومت نے پیش کی ہے جس کے اعدادوشمار گواہی دے رہے ہیں کہ پاکستان درست سمت میں گامزن تھا اور معیشت میں کردار ادا کرنے والے ہر شعبے نے نہ صرف اپنا ہدف پورا کیا بلکہ اس سے بڑھ کر ترقی دکھائی ۔ زراعت ، لارج اسکیل مینو فیکچرننگ ، چھوٹی انڈسٹری غرضیکہ ہر شعبہ کارکردگی دکھا رہا تھا لیکن پاکستان کی ترقی کے دشمنوں کو یہ ہضم نہیں ہوا اور ملک کو ایک بار پھر تاریکی میں دھکیل دیا گیا جس کا عوام ضمنی انتخابات میں ضرور سوال پوچھیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں