مقبوضہ کشمیر(عکس آن لائن)بھارت کی قید میں موجود حریت رہنما یاسین ملک نے مرنے کے بعد جسمانی اعضا عطیہ کرنے کی وصیت کردی ہے۔ہفتے کے روزایک بیان میں یاسین ملک نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے کشمیریوں کی آزادی کیلیے آخری دم تک لڑیں گے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کبھی ہتھیار نہیں ڈالوں گا اور جب میں اس دنیا سے چلا جاؤں گا تو میرے اعضا عطیہ کردیے جائیں۔اہلیہ مشال ملک نے یاسین ملک کے حوالے سے کہا کہ حریت رہنما پر ڈیتھ سیل میں بھارتی حکام کا بہیمانہ تشدد جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر یوں کی آزادی کے لیے یاسین ملک نے اپنی جوانی اور خاندان کو قربان کردیا۔مشال ملک نے مزید کہا کہ کشمیر یوں پر بھارتی فورسز کے بہیمانہ مظالم پر دنیا گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے۔