سرمایہ کاری

حاکمِ دبئی کا شہریوں کی اقامت گاہوں کے لیے1.72ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

دبئی(عکس آن لائن)امارت دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد آلِ مکتوم نے ا یک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت 4610 اماراتی شہریوں کے لیے رہائش اور زمین خرید کرنے کے لیے ایک ارب 72کروڑڈالرکی سرمایہ کاری کرے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے بتایا کہ دبئی کے شمال مشرق میں واقع مضافاتی علاقے الخونیج میں 1100 ولا پر مشتمل ایک نئے رہائشی ہاسنگ کمپلیکس کی منظوری دے دی گئی ہے۔اماراتی شہری فیاضانہ سرکاری زرتلافی کی حامل اس ہاسنگ گرانٹ اور قرضوں کے اہل ہیں۔حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت مستحق اماراتیوں کو مفت زمین، رہائش، قرضے اور گھروں کی دیکھ بھال مہیا کرتی ہے۔

یواے ای نے 1999 میں شیخ زاید ہائوسنگ پروگرام (ایس زیڈ ایچ پی)شروع کیا تھا۔اس کا نام ملک کے بانی صدر کے نام پر رکھا گیا تھا تاکہ کم آمدن والے شہریوں کو 25 سال کی مدت کے لیے بلاسود گھریلو قرضے مہیا کیے جا سکیں۔سرکاری ویب سائٹ کے مطابق حکومت یتیموں، بیوائوں، بوڑھوں اور خصوصی ضروریات کے حامل افراد کو ترجیح دیتی ہے اوراس نے سنہ 2000 سے 2012 کے درمیان 14,500 اماراتیوں کوگھرمہیا کیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں