ٹوکیو (عکس آن لائن) جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کی وجہ سے وسیع پیمانے پر سیلاب
اور مٹی کے تودے گرنے کی تباہ کاریوں کو ’’شدید قدرتی آفت‘‘ کا درجہ دیا جاسکتا ہے۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق
وزیر اعظم شنزو آبے نے یہ بیان حکومتی ڈیزاسٹر ٹاسک فورس کے اجلاس میں دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں کو
شدید قدرتی آفت کا درجہ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ درجہ دیئے جانے پر متاثرہ علاقوں میں تعمیرِ نو کے لیے سرکاری
اعانت میں اضافہ ممکن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کئی شعبوں کے اہلکاروں نے 2 ہزار 3 سو سے زائد افراد کو بچایا ہے۔
وزیر اعظم آبے نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کارکنان انسانی جانیں بچانے، لاپتہ افراد کی تلاش اور کٹ کر رہ جانے والے متاثرہ
علاقوں کے رہائشیوں کی امداد کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں۔اس کے بعد وزیر اعظم آبے نے کہا کہ نقصانات کے
اندازے کے جائزوں کے نتیجے میں ان طوفانی بارشوں کو ’’شدید قدرتی آفت‘‘کا درجہ دیا جانا متوقع ہے۔