حافظ آباد(نمائندہ عکس آن لائن)ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا کا کہنا ہے کہ حافظ آباد میں125ٹن چینی کی پہلی سپلائی سہولت بازاروں اور عام مارکیٹ میں فراہم کر دی گئی ہے جبکہ بیس کلو گرام آٹا کے 3315تھیلے بھی روزانہ کی بنیاد پر فراہم کیے جا رہے ہیں ۔آٹے اور چینی کی وافر سپلائی ہونے کے بعد اب حافظ آباد میں کسی قسم کی کوئی قلت نہیں ،سہولت بازاروں اور عام مارکیٹ میں چینی اور آٹا وافر مقدار میں موجود ہے ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سہولت بازاروں اور عام مارکیٹ کے دورہ کے موقعہ پر کیا،ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز کاشف نثار اور انجمن تاجران کے نمائندے بھی انکے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے سہولت بازاروں اور عام مارکیٹ میں چینی ،آٹا اور دیگر اشیائے خوردونوش کی دستیابی اور قیمتوں کاجائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حافظ آباد ضلع کے لیے 125ٹن چینی کی پہلی سپلائی پہنچ چکی ہے اور سہولت بازاروں سمیت عام مارکیٹ میں چینی وافر مقدار میں دستیاب ہے انکا کہنا تھا کہ عام مارکیٹ میں چینی 83روپے جبکہ سہولت بازاروں میں 81روپے فی کلو دستیاب ہے۔چینی کی دوسری بڑی سپلائی بھی چند روز تک حافظ آباد پہنچ جائیگی ۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر میں آٹا کا کوٹہ بھی بڑھا دیا گیا ہے اور اب روزانہ کی بنیاد پر بیس کلو گرام کے 3315تھیلے فلور ملز کی جانب سے فراہم کیے جا رہے ہیں انکا کہنا تھا کہ سہولت بازاروں میں 1500جبکہ عام مارکیٹ میں 1815تھیلے فراہم کیے جا رہے ہیں حافظ آباد کے سہولت بازاروں میں بیس کلو گرام آٹے کا تھیلا 837اور عام مارکیٹ میں860روپے کا فروخت کیا جا رہا ہے ۔
انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ آٹے اور چینی کی خریدو فروخت کا تمام ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے اور اگر کوئی تاجر یا دوکاندار ذخیرہ اندوزی میں ملوث پایا گیا تو اسکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ڈپٹی کمشنر نے ماڈل بازار ،کسوکے روڑ اور محلہ ڈھاب والا میں لگائے جانے والے سہولت بازاروں سمیت کریانہ بازار،ونیکے چوک،کولو رور،ساگر روڑ اور دیگر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے دوکانوں پر چیزوں کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا ۔