لاہور(عکس آن لائن ) جماعت اسلامی کے امیرسینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو زیادہ یوٹرنز لینے والا بڑا آدمی کا فلسفہ چھوڑنا ہو گا، وزیراعظم اپنی کسی بات پر تو قائم رہیں، کوئی ایک وعدہ تو پورا کریں، حکومت کا کوئی منشور ہے نہ یہ کسی نظریے کی بنیاد پرآئی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کرپشن ختم کرنے اور معیشت سدھارنے کے سارے دعوے ہوا میں تحلیل ہوچکے ہیں، خود کو احتساب سے بالا تر سمجھنے والے دوسروں کو احتساب نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ غربت، مہنگائی اور بے روز گاری کے ہاتھوں تنگ عوام حکمرانوں سے نجات کی دعائیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جھونپڑیوں والوں نے عالی شان محلوں کا محاصرہ کرلیا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا، ظلم و جبر کا استحصالی نظام تلپٹ ہونے والا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ظلم کے نظام پر خاموش رہنا سب سے بڑی منافقت ہے۔ قوم نے جرنیلوں اور سیاسی پارٹیوں کو بار بار آزمایا، اب ایک موقع نظام مصطفی ﷺ کو موقع دے کیونکہ یہ ہی تمام مسائل کا حل ہے ۔