جھنگ( نمائند ہ عکس آن لائن) پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہر محاذ پر سرگرم عمل ہیں۔ اس حوالہ سے ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹونے لفٹینینٹ کرنل اشفاق بیگ کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر اور پاک آرمی نے لاک ڈاﺅن کی صورتحال حال اور کورونا وائرس کے حوالے سے ہسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے موضع باغ میں بنیادی مرکز صحت میں کروانا وائرس کے حوالے سے انتظامات چیک کیے۔اس موقع پر انہوںنے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف سے ملاقات بھی کی۔ ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹونے کہا کہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس سٹاف کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہر اول دستہ ہے اور طبی محاذ پر وطن کا دفاع کر رہے ہیں۔ حکومت کروانا وائرس کی روک تھام کے لیے ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔قبل ازیں انہوں شہر کے مختلف علاقوں میں معائنہ کے دوران کہا کہ لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔
عوام گھروں میں رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔اشیاءکی فراہمی کی سہولت کیلئے ہوم ڈیلیوری شروع کردی گئی ہے۔کسی کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔انہوںنے مزید کہا کہ کرونا وائرس سے احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی بچا جا سکتا ہے۔ شہریوں کو اپنے اردگرد کے ماحول میں اگر بیرون ملک یا مشتبہ افراد بار ے اطلاع ملے تو فورا انتظامیہ کو آگاہ کرے۔ کروانا وائرس کی روکتھام کےلئے عوام کا ہر ممکن تعاون درکار ہے۔
انہوںنے مزید کہا کہ حکومت کے احکامات کے مطابق چھ اپریل تک مارکیٹیں ،ٹرانسپورٹ اور دیگر ادارے بند رہیں گے۔شہر میں پولیس ، انتظامیہ اور پاک فوج باقاعدگی سے گشت کر رہی ہے اور کرونا وائرس کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہاہے۔