عمان(عکس آن لائن)اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے خبردار کیاہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ ایک خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جو خطے کو ناپسندیدہ نتائج کے ساتھ تباہی کی طرف لے جائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کو اردن کے شاہی دربار کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ شاہ عبداللہ نے خبردار کیا ہے کہ یہ جنگ جو ایک خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، خطے کو ناپسندیدہ نتائج کے ساتھ تباہی کی طرف لے جائے گی۔
عالمی برادری کو خونریزی کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔ یہ جنگ انسانیت کی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ اس گھنائونے قتل عام کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔اسرائیل نے غزہ کے ہسپتال میں زیر علاج معصوم شہریوں، زخمیوں اور بیماروں پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک گھنانا جنگی جرم ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
اسرائیل کو غزہ کے خلاف اپنی وحشیانہ جارحیت کو فوری طور پر روکنا چاہیے، جو کہ انسانی اور اخلاقی اقدار سے متصادم ہے اور بین الاقوامی انسانی قانون کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اردن فلسطینی بھائیوں کے حقوق اور ان کے منصفانہ نصب العین کے دفاع میں سب سے آگے رہے گا۔