نیویارک(عکس آن لائن)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے کہا ہے کہ جنگوں سے اجتناب ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، نئے سال کا آغاز ہماری دنیا میں ہنگامہ خیزی سے ہوا ہے، میرا سادہ اور واضح پیغام ہے کہ کشیدگی ختم کریں، تحمل کامظاہرہ کریں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق انتونیو گوٹیریس نے عالمی کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ تناو سے غیرمتوقع فیصلے اور ان کے غیرمتوقع مضمرات سامنے آرہے ہیں، زیادہ سے زیادہ ممالک کی جانب سے حساب کتاب کی غلطی کا گہراخطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جنگوں کے باعث انسانی تکالیف کو نہیں بھولنا چاہیے، جنگوں کی سب سے بڑی قیمت عام آدمی کو چکانی پڑتی ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہم ایک خطرناک دور میں زندگی گزار رہے ہیں،جیوپولیٹیکل کشیدگی صدی میں اعلی سطح پر ہے،ہنگامہ بڑھتاجارہا ہے۔انہوں نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں دنیا کیاہم لیڈروں سیتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ۔