لاہو ر(عکس آن لائن) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے نام پر عمران نیازی نے جنوبی پنجاب کو لالی پاپ دیا ہے،جنوبی پنجاب محاذ والوں نے اپنے ہی لوگوں کا سودا کیا ،صوبہ تو نا دیا منہ کا نوالہ ہی چھین کر مافیا کا پیٹ بھر دیا
عظمی بخاری نے فردوس عاشق کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ خادمہ صاحبہ جب عمران خان خسرو بختیار اینڈ کمپنی کو پٹے ڈال رہے تھے اس وقت آپ سیاسی طور پر لاپتہ تھی۔جنوبی پنجاب کے لال،پیلے اور نیلے گھوڑوں نے ہی سرائیکیوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا،جنوبی پنجاب کے لوگوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے عمران خان کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں،بہاولپور میں ہم نے لوگوں میں غصہ اور اضطراب دیکھا ہے،جن کو آپ نے جنوبی صوبے کے نام پر جھانسہ دیا۔عثمان بزدار نے اڑھائی سالوں میں ایک کھرب تونسہ میں لگادیے۔
خادمہ جی رحیم یار خان،ملتان،بہاولپور،وہاڑی،خانیوال بھی جنوبی پنجاب میں آتے ہیں۔جنوبی پنجاب کے عوام عثمان بزدار ،عمران خان اور خسرو بختیار کو بددعائیں دے رہے ہیں۔پنجاب حکومت کے دو بجٹ میں جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز تونسہ اور میانوالی میں لگ رہے ہیں۔