پریٹوریا (عکس آن لائن)جنوبی افریقی قبیلے کے بادشاہ کو کلہاڑی اور خنجر سے حملہ آور ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حال ہی میں پیرول پر رہا ہونے والے قبائلی بادشاہ مبینہ طور پر اپنے محل میں خاندان کے افراد پر حملہ آور ہوئے تھے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کے روایتی قبیلے کے بادشاہ بائیلیخایا ڈالنڈئیبو پہلے بھی اپنے متنازعہ بیانات کے سبب خبروں میں رہے تاہم اس مرتبہ مقامی میڈیا کے مطابق انہیں کلہاڑی اور خنجر سے اپنے خاندان کے افراد پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا بعد ازاں جنوبی افریقی پولیس نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ روایتی قبیلے کے بادشاہ کو املاک کو نقصان پہنچانے، دھمکانے اور حملہ آور ہونے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ،نیلسن منڈیلا کا تعلق بھی جنوبی افریقی قبیلے ابا تھیمبو سے تھا اور گرفتار کیے گئے ڈالنڈئیبو بھی اسی قبیلے کے بادشاہ ہیں، انہوں نے حملہ کر کے اپنے بیٹے اور قبیلے کی ملکہ سمیت شاہی خاندان کے کئی افراد کو زخمی کیا۔
باداشاہ کے بھائی سیگانیکو ڈالنڈئیبو نے بتایاکہ وہ عبوری بادشاہ کے کمرے میں گھس گئے اور توڑ پھوڑ شروع کر دی۔موجودہ بادشاہ 2015 سے قید میں تھے۔ انہیں اغوا اور جلاؤ گھیراؤ کے الزامات میں مجرم قرار دے کر بارہ برس قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم انہیں حال ہی میں پیرول پر رہا کر دیا گیا تھا۔ان کی قید کے دوران ان کا بیٹا ازیناتھی عبوری بادشاہ کی ذمہ داریاں ادا کر رہا تھا۔
حملے کے وقت ازیناتھی نے کھڑکی سے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔بادشاہ کے شاہی مشیر نے تاہم ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہ کی محل میں واپسی کے بعد پیش آنے والے واقعات کی تفصیلات مبہم ہیں اس لیے فی الوقت الزامات محض الزامات ہی ہیں۔