لاہور5جنوری(زاہد انجم سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال کے سٹیٹ آف دی آرٹ ڈائلسز سینٹر میں 30مشینوں پر 24/7مریضوں کو ڈائلسز کی سہولت بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔
سال2024کے دوران 18ہزار سے زائد مریضوں نے ڈائلسزکیے گئے اور اب مریضوں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈائلسز سینٹرمیں لیب کاؤنٹربھی قائم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس امر کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے ڈائلسز سینٹر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی سے متاثرہ افراد کے لئے علیحدہ علیحدہ مشینیں مختص ہیں اور ہال سمیت آنے جانے کے لئے علیحدہ راستے بھی ہیں تاکہ اس موذی مرض سے دیگر مریض متاثر نہ ہوں۔
اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریادحسین، پروفیسر آف یورالوجی پروفیسر خضر حیات گوندل،پروفیسر آف نیفرالوجی ڈاکٹر عباد الرحمان،ڈاکٹر یحیی سلطان،ڈاکٹر اطہر حمید، ڈاکٹر یاسر حسین، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹندنٹ فضیلت لال، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق،ڈاکٹر عبدالعزیزو دیگر ہیلھ پروفیشنلز بھی موجود تھے۔
پروفیسر الفرید ظفرنے ڈائلسز سینٹر میں تعینات ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، سکریننگ کے سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں اور ڈائلسز کرانے والے مریضوں کا مکمل ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھیں۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے اے ایم ایس ویجیلنس ڈاکٹر عدنان مسعود، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ فضیلت لال اور ایم ایس ڈی ایس کے ارکان کو بھی ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کے تمام شعبوں بالخصوص ڈائلسز سینٹر کا روزانہ کی بنیاد پر تفصیلی جائزہ لے کر ایم ایس کو رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے ایم ایس سے کہا کہ وہ ڈائلسز سینٹر میں تعینات ہیلتھ پروفیشنلز کی صحت کے تحفظ کے لئے ہر چھ ماہ بعد اُن کی مکمل سکریننگ کا شیڈول بنائیں تاکہ فرائض منصبی کی ادائیگی میں اُن کی صحت پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موجودہ تقاضوں کے مطابق اپنی خدمات کو جدید سے جدید تر بنانا ہے اور ہمیں احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانا ہوگا۔