لاہور(عکس آن لائن) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کی سال2020کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق سمارٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے سے کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہواہے،مریضوں کو کوالٹی ہیلتھ کئیر کی فراہمی اور ملازمین کی ویلفئیر کیلئے اٹھائے گئے اقدامات طرہ امتیاز ہیں۔حکومت پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز انتہائی ایمانداری کے ساتھ مریضوں کے علاج معالجے اور اُن کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ سال ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں مجموعی طور پر1508397مریض آئے جنہیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی پالیسی کے مطابق بغیر پرچی فیس علاج معالجہ کی سہولیات مفت فراہم کی گئیں ہیں۔ان خیالات کا اظہار پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے ایل جی ایچ کی سالانہ رپورٹ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عبدالرزاق،ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈاکٹر سونیا ایوب، ڈاکٹر عبدالعزیزسمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ گزشتہ برس شعبہ ایمرجنسی میں 704273مریضوں کو مفت ادویات، آپریشن کا سامان اور سی ٹی سکین و دیگر تشخیصی سہولیات فراہم کی گئیں اور کسی بھی بیمار کو ایک پائی بھی خرچ نہیں کرنا پڑی۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تشویشناک وبا کے باوجود معالجین دکھی انسانیت کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں جس کا منہ بولتا ثبوت ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں آنے والے مریضوں کے اعداد و شمار ہیں۔
گزشتہ12ماہ کے دوران63079مختلف نوعیت کے آپریشن ہوئے اور 59040مریضوں کوہسپتال میں داخل کر کے علاج معالجہ کیا گیا۔ پروفیسرالفرید ظفرنے واضح کہا کہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں سینئر کنسلٹنٹس کی دستیابی، جدید طبی آلات کی فراہمی اور مانیٹرنگ کے واضح نظام کی بدولت مریضوں کا اعتماد بڑھا ہے اور اعدادو شمار کی تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال میں 103689مریضوں کا الٹرا ساؤنڈ اور1603630لیب ٹیسٹ ہوئے،نیز 4402گیسٹرو سکوپی،1182گردوں سے پتھری شعاعوں کے ذریعے تحلیل اور 19056ڈائلسز کیے گئے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ ہسپتال میں 41591سی ٹی سکین،1530ایم آر آئی،44934ای سی جی،178میمو گرافی اور558انجیو گرافی کے علاوہ 2100سے زائد فائبرو سکین ہوئے۔
پروفیسرالفرید ظفرکا کہنا تھا کہ لاہور جنرل ہسپتال صوبے کا واحد ہسپتال ہے جہاں ایوننگ آؤٹ ڈور کی سہولت دستیاب ہے جس سے سرکار ی و نیم اداروں میں کام کرنے والے ملازمین جو صبح کے اوقات میں نہیں آ سکتے وہ شام کی شفٹ سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں اور اس شفٹ سے لوگوں کی نیم حکیموں سے بھی جان چھوٹ گئی۔ انہوں نے کہا صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔