لاہور(عکس آن لائن ) مون سون سیزن شروع ہوتے ہی ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات میں اضافہ کے پیش نظر
لاہور جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے خصوصی کاؤنٹر قائم کر کے سٹاف
تعینات کر دیا گیا ہے جو صبح8سے شام8بجے تک ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی رہنمائی کریں گے .
اور انہیں علاج معالجے کی خدمات فراہم کریں گے ۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین
میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی بخار
میں مبتلا افراد کو تمام طبی و تشخیصی سہولیات مفت دستیاب ہوں گی.
اور اُن سے زیادہ سے زیادہ تعاون یقینی بنایا جائے گا ۔اس موقع پرمیڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین،
ڈائریکٹرایمرجنسی ڈاکٹر رانا محمد شفیق ،ڈائریکٹر آؤٹ ڈور ڈاکٹر عبدالرزاق ،
اے ایم ایس ڈاکٹر جعفر حسین شاہ و دیگر انتظامی ڈاکٹر زبھی موجود تھے ۔
پروفیسر الفرید ظفرنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے ساتھ ساتھ ہمیں ڈینگی کے مرض سے
بھی لڑنا ہے اوراس پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے ہوں گے ۔انہوں نے کہا ،
کہ دیگر بیماریوں کی طرح ڈینگی کے سلسلے میں بھی عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔
شہری اپنے گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور ڈینگی کی افزائش کو ناممکن بنانے کیلئے
چھتوں پر پڑی ناکارہ اشیاء پلاسٹک اور پرانے ٹائر کو تلف کرنے کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی پر بھرپور توجہ دیں.
تاکہ ڈینگی ہاٹ سپاٹس کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔پرنسپل پروفیسر الفرید ظفرنے مزید کہا،
کہ ماضی کی طرح اس سال بھی ڈینگی سے بچاؤ سے آگاہی کے لئے سول سوسائٹی ،
میڈیا اور سماجی تنظیموں کو پی جی ایم آئی کے ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت پبلک سروس
میسج بھی بھجوائے جائیں گے تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ڈینگی بخار سے محفوظ رہیں ۔