لاہور(عکس آن لائن)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے فیصل آباد میں کامیاب عوامی جلسہ عام کے انعقاد پر تمام ذمہ داران و کارکنان اور اہل فیصل آباد سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصل آباد کے عوام نے تبدیلی کو مسترد کر دیا ہے ۔
اڑھائی برس گزر چکے ہیں مگر آج بھی عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ تبدیلی حکومت عوام کے لیے وبال جان بن چکی ہے۔ اگر حکمرانوں نے عوام کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف فراہم نہ کیا تو ان کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں کی طرح عبرتناک ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات دلاسکتی ہے۔ ملک کے عوام جماعت اسلامی کی بے داغ قیادت پر اعتماد کا اظہار کرے۔
ہمارے پاس متبادل نظام موجود ہے۔ ہزاروں افراد منتخب ہوکر قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں گئے، الحمد للہ کسی ایک پربھی کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ وزیر اعظم جہاں جاتے ہیں وہاں بڑے بڑے اعلانات تو کردیتے ہیں مگر ان پر عملاً کوئی پیش رفت نہیں ہوتی۔ قوم کو لالی پاپ دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ بجلی کے نرخوں میں 200فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ گردشی قرضے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ اشیاء خوردونوش عوام کی قوت خرید سے باہر ہوچکی ہیں۔ پاکستان اس وقت برترین معاشی صورتحال کا شکار ہو چکا ہے ۔ہمارے حکمران سب کچھ جانتے اور دیکھتے ہوئے بھی بے حسی اور سفاکی کا مظاہر ہ کر رہے ہیں ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ بد قسمتی سے موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ مسائل ختم ہونے کی بجائے بڑھتے چلے جارہے ہیں۔
انا پرستی اور ضدی رویہ وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتا۔ ملکی معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ آگے بڑھایا جاتا ہے۔ ہٹ دھرمی ہمیشہ نقصان کا باعث بنتی ہے۔ وزیر اعظم اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کریں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے قوم کو بری طرح مایوس کیا ہے۔ پاکستان کو اقتدار کا حوس رکھنے والوں نے تباہی کے دھانے پر پہنچادیا ہے۔ دولت کی غیر منصفانہ تقسیم نے غریب اور امیر دونوں کے درمیان معاشرتی تقسیم کو بڑھادیا ہے۔