اسد عمر

جلائو گھیرائو کیس،اسد عمر، یاسمین راشد و دیگر کی عبوری ضمانت میں 6مئی تک توسیع

لاہور ( عکس آن لائن) انسداد دہشت گردی عدالت نے کینال روڈ پر جلائو گھیراو اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کے مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں 6 مئی تک توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے سماعت کی۔

کینال روڈ پر جلائو گھیرائو اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کے مقدمہ میں نامزد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر، ڈاکٹر یاسمین راشد، فرخ حبیب اور مسرت جمشید چیمہ نے عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی، جے آئی ٹی کے سربراہ آفتاب پھلروان بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیش میں کیا پراگریس ہے، سربراہ جے آئی ٹی آفتاب پھلروان نے عدالت کو بتایا کہ مسرت جمشید چیمہ اور فرخ حبیب نے ابھی تک تفتیش جوائن نہیں کی، مسرت جمشید چیمہ کے وکیل نے جواب دیا کہ ہم نے جے آئی ٹی کو چیلنج کیا ہوا ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے ریمارکس دیئے کہ اگر جے آئی ٹی ختم بھی ہو جاتی ہے تو بیان تو ریکارڈ کرانا ہے۔بعد ازاں عدالت نے اسد عمر، فرخ حبیب سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 6مئی تک توسیع کرتے ہوئے کہا کہ کیس سن کر فیصلہ کریں گے۔عدالت نے مسرت چیمہ اور فرخ حبیب کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں