جعلی کولڈ ڈرنکس مافیا

جعلی کولڈ ڈرنکس مافیا سرگرم، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑا گروہ دھر لیا

لاہور(عکس آن لائن) موسم بدلتے ہی جعلی کولڈ ڈرنکس مافیا سرگرم۔ ۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فو ڈ اتھارٹی عرفان میمن کی سربراہی میں مختلف برانڈز کی جعلی کولا ڈرنکس بنانے والا پروڈکشن یونٹ سیل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے8 لاکھ لیٹر جعلی کولا ڈرنکس کی تیاری کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

غنی کالونی شاہدہ آبادلاہور میں کارروائی کے دوران مختلف برانڈز کی جعلی بوتلیں، لیبل اور ڈھکن بنانے والا پروڈکشن یونٹ پکڑ ا گیا۔ امجد لیبلنگ یونٹ سے لاکھوں کی تعدادمیں جعلی بوتلیں، ڈھکن اور لیبل برآمدکرتے ہوئے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیاہے۔

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چیکنگ کے دوران معروف انٹرنیشنل برانڈز کے جعلی لیبلز اور ڈھکن بنانے والی ڈائیز بھی برآمد کر لیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ویجیلینس ٹیم نے ریکی کر کے پروڈکشن یونٹ کا سراغ لگایا۔

جعلی لیبل اور ڈھکن فروخت کا ریکارڈ برآمد کرکے جعلی بوتلوں کے خریداروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیاہے۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ جعلی بوتلوں پر کی جانے والی اصل جیسی دلکش نقل پیکنگ عام عوام کی پہچان میں نہیں آتی۔انہوں نے واضح کیا کہ خوراک کے کاروبار میں جعل سازی اور دھوکہ دہی کرنے والوں کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں