اسلام آباد (عکس آن لائن ) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف صدارتی ریفرنس پر آئینی درخواستوں کی سماعت کرنے والا فل کورٹ بینچ دوسری بار ٹوٹ گیا۔جسٹس فائز عیسی کے خلاف دائر صدارتی ریفرنس کی سماعت کے لیے 20 ستمبر کو سپریم کورٹ کا فل بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کے وکیل منیر اے ملک کی جانب سے لارجر بینچ پر اعتراض کے بعد 7 رکنی بینچ تحلیل کردیا گیا تھا اور بینچ کی ازسرنو تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا گیا تھا۔سپریم کورٹ کی جانب سے صدارتی ریفرنس کی سماعت کے لیے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں ایک دوسرا بینچ تشکیل دیا گیا تھا تاہم اب یہ بینچ بھی تحلیل ہو گیا ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جسٹس مظہر عالم میاں خیل کی عدم دستیابی پر بینچ تحلیل کر رہے ہیں اور نئے بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا رہے ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسی کے وکیل نے کہا کہ مقدمے کے سماعت کے لیے فل کورٹ تشکیل دیا جائے، جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بینچ کی تشکیل چیف جسٹس کی صوابدید ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا امید ہے اسی ہفتے ہی دوبارہ درخواستوں پر سماعت کریں گے۔