برلن ( عکس آن لائن)جرمنی نے کہاہے کہ جمہوریت مخالف خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکا اور جرمنی کو ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ امریکا میں نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد سے دونوں ملک اپنے رشتے بہتر کرنے کی جانب گامزن ہیں اور جرمنی کو امید ہے کہ امریکہ کے ساتھ ایک نیا معاہدہ طے پا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے چار سالہ دور اقتدار میں دونوں ملکوں کے درمیان رشتے مشکلات سے دو چار رہے اس لیے ان پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ ٹرمپ کے دور میں نیٹو پر خرچ کرنے، روسی گیس پائپ لائن اور تجارت سے متعلق یورپی یونین کی پالیسیوں کے حوالے سے امریکا،جرمنی پر مسلسل دبا ئوڈالتا رہا تھا۔جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہاکہ جرمنی آپ کے ساتھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو بیرونی ممالک میں جمہوری اصلاحات، دفاع، اور روس اور چین کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی اپنانے جیسے امور پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔جرمن وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی وبا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کیوں ملکوں کے ساتھ ایک ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات کم کر کے ایک ساتھ آنے سے ہی بات بنتی ہے اور، جو لوگ یہ دعوی کرتے ہیں کہ آمریت ایسے مسائل سے نمٹنے کا بہتر طریقہ ان کے لیے اس میں سبق ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ماسکو اور بیجنگ کی جانب سے سول سوسائٹی کے خلاف ہونے والے اقدامات اور ان دونوں ملکوں کی طرف سے عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں پر ہم نے کارروائی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ پابندیاں عائد کرنے جیسی دیگر امور پر دونوں ملکوں کا موقف متحد ہوگا جو گزشتہ چار برسوں کے دوران ممکن نہیں تھا۔