لاہور( عکس آن لائن)سینئر اداکار محمد قوی خان نے کہا ہے کہ پاکستان تہذیب اور ثقافت میں ایک پہچان رکھتا ہے لیکن بد قسمتی سے آج ہم اپنی اصل ڈگر سے ہٹتے جارہے ہیں،جدت کو ضرور اپنایا جانا چاہیے لیکن اس کیلئے اپنی اصل پہچان کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے ۔ ایک انٹر ویو میں محمد قوی نے کہا کہ ہر چیز اپنی مقرر ہ حد میں اچھی لگتی ہے اور جب تجاوز کیا جاتا ہے تو اس کے زیادہ منفی نتائج ہی نکلتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ میں صرف شوبز کی بات نہیں کر رہا ہمیں اپنے معاشرے میں مجموعی طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اگرسچی بات کی جائے تو سب کی یہ رائے ہو گی کہ ہم جس راستے پر چل رہے ہیں یہ ہرگز ہمارا راستہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے آج ہم اپنی نوجوان نسل کی کیاتربیت کر رہے ہیں ۔ اپنی نئی نسل کو اپنی تہذیب اور ثقافت سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے جسے نظر انداز کیا جارہا ہے ، اس اس جانب توجہ نہ دی گئی تو معاشرے پر اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی شوبز سر گرمیاں جاری رکھے ہوئے ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مجھے تندرستی والی زندگی عطا کرے ۔