اسلام آباد (عکس آن لائن)مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ جب تک امیر طبقہ اپنے ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا اس وقت تک ترقی ممکن نہیں، ترقی و خوشحالی کے لئے کسی بھی ملک کے نجی شعبہ کا فعال ہونا ضروری ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام بین الاقوامی امن و ترقی کانفرنس کے ابتدائی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں صحیح معنوں میں ترقی یافتہ ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری وقت کی ضرورت تھی لیکن اس پر توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے بعض ممالک کے ہاں اپنی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ان کے یہاں غیر ملکی سرمایہ کاری کا رجحان کم رہا اور آج بھی ترقی پذیرممالک پر صحیح معنوں میں انسانی بنیادوں پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ دیگرممالک کو ان کی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی حالات کی دگرگو ںصورتحال کی وجہ سے آج ہمیں معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں کوئی بھی ملک تنہا ترقی نہیں کر سکتا اس کے لئے تزویراتی شراکت داری اہم ہوتی ہے جو امن اور ترقی کی بنیادی شرط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے لئے کسی بھی ملک کے نجی شعبہ کا فعال ہونا ضروری ہے کیونکہ جب تک امیر طبقہ اپنے ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا اس وقت تک ترقی ممکن نہیں۔مشیر خزانہ نے سعودی عرب، چین اور ترکی کے علاوہ دیگر ترقی یافتہ ممالک کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ چند عشرے قبل ان ممالک نے جب ترقی کے سفر کا آغاز کیا اس وقت انہیں کوئی نہیں جانتا تھا لیکن باہمی اشتراک کے فارمولے پرعمل پیراہوتے ہوئے ان ممالک نے ترقی کی۔ سعودی عرب جسے صرف مذہبی لحاظ سے مقدس مقام کے اعتبار سے جانا جاتا تھا اسے بھی ترقی کے لئے دیگرممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا پڑا اور آج دنیا ان ممالک کی مثالیں پیش کرتی ہیں۔