جاوید میانداد

جاوید میانداد نے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ ہولی کھیلنے کی روداد سنا دی

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے بھارتی کرکٹر روی شاستری کے ساتھ ہولی کھیلنے کا یادگار لمحہ شیئر کردیا۔جاوید میانداد نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بنگلور میں ہونے والے یادگار ٹیسٹ میچ کو یاد کررہے ہیں۔جاوید میانداد نے بتایا کہ بنگلور میں جب ٹیسٹ میچ ہورہا تھا تو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک ہی ہوٹل میں قیام پذیر تھیں تو دونوں ٹیمیں دوستانہ رویہ اپناتے ہوئے شام میں اکھٹے بیٹھتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ہوٹل میں ان کے پاس کچھ کرنے کو تو ہوتا ہی نہیں تھا تو انہی دنوں ہندو تہوار ہولی کے دن تھے ، ایسے میں ہمارے ہوٹل میں بھی ہولی کا تہوار سجا لیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مجھے آج بھی یاد ہے کہ پوری ٹیم ایک دوسرے کو رنگوں سے رنگ رہی تھی، عمران خان پر بھی سب رنگ پھینک رہے تھے۔جاوید میانداد نے بتایا کہ ہم نے اپنے ساتھ ساتھ بھارتی کھلاڑیوں پر بھی رنگ پھینکے، انہوں نے بتایا کہ ہوٹل ہونے کے باوجو د بھی ہم نے ہولی کے موقعے کا خْوب فائدہ اٹھایا اور ہوٹل میں ہر طرف رنگ ہی رنگ بکھر گئے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹسمین نیروی شاستری کو پول میں پھینکنے کا واقعہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ روی اْن پر چھپ کر رنگ پھینک کر غائب ہوجاتے ، ایک سے دوسری بار جب یہ ہوا تو وہ سب بھی روی شاستری کے کمرے میں زبردستی گْھس گئے۔انہوں نے بتایا کہ روی شاستری کو سب نے پکڑ کر رنگوں میں رنگ دیا اور پھر پانی میں پھینک دیا۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ وہ ایک یادگار دورہ تھا، کوئی نفرت انگیز بات نہیں تھی۔انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان کا بہترین دورہ تھا، ہمیں ہر جگہ مدعو کیا گیا تھا۔ ہم سب نے مل کر ہولی بھی منائی، ہر ایک کو ایک دوسرے کے تہواروں میں حصہ لینا چاہئے، مجھے اس میں کوئی نقصان دکھائی نہیں دیتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں