منہ کھر

جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے جانوروں کو منہ کھر کی بیماری سے بچانے کیلئے فوری طور پر حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانے کی ہدائت کی ہے ۔

محکمہ کے ترجمان نے لائیو سٹاک فارمرز کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ماہ مارچ واپریل کے دوران مویشیوں کو منہ کھر کی بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ویکسین کے ٹیکے لگوانا نہ بھولیں تاکہ جانوروں کو کسی بھی قسم کی پیچیدگی سے بچایا جا سکے۔انہوں نے بتا یا کہ منہ کھر کا وائرس بھینسوں ، گائیوں ، بکروں اور دیگر جانوروں کے منہ کی جلد ، اوجھری ، معدہ اور کھروں کے درمیان کھال پر حملہ کرتا ہے جس کے باعث متاثرہ جانوروں کونہ صرف تیز بخار ہو جاتا ہے بلکہ وہ خوراک کھانا بند کر دیتے ہیں اور دودھ کی پیداوار میں بھی کمی ہونا شروع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بیماری میں بھینسوں اور گائیوں میں زبان ، تالو ، مسوڑھوں ، ہوانہ ، کھروں کے درمیان چھالکے بن جاتے ہیں اسی طرح بھیڑ بکریوں میں چھالکوں کی جگہ منہ میں سرخ دھبے بنتے ہیں اور منہ سے رال ٹپکنا بھی شروع ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ تمام سرکاری ویٹرنری ہسپتالوں میں منہ کھر سے بچاؤ کی ویکسین بھاری مقدار میں موجود ہے لہٰذا لائیو سٹاک فارمرز یا دیگر افراد قریبی ویٹرنری سنٹر یا ویٹرنری ہسپتال سے رابطہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ اس سلسلہ میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے اسلئے لائیو سٹاک فارمرز کسی بھی مسئلہ ، معلومات ، اطلاعات یا رہنمائی کیلئے صبح 8سے رات 8بجے تک فری ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں