زرعی یونیورسٹی

جامعہ پشاور،ریٹائرڈ اساتذہ سے تدریسی خدمات لینے کا فیصلہ

پشاور(عکس آن لائن)جامعہ پشاور نے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچانے کیلئے ریٹائرڈ اساتذہ اور پی ایچ ڈی سکالرز سے رضا کارانہ طور پر متعلقہ شعبہ جات میں تدریسی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں جامعہ پشاور کے وائس چانسلر نے اساتذہ اور ملازمین کو طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہونے کی وجہ سے فوری طور پر کلاسز کا بائیکاٹ ختم کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔پشاور یونیورسٹی میں انتظامی امور اور کلاسز میں تدریسی عمل شروع اور ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے خصوصی اجلاس گزشتہ روز وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ادریس کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی کے تمام افسران نے شرکت کی اور جامعہ پشاور میں اصلاحات و ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرا ئی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ادریس نے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ملازمین کو قلم چھوڑ ہڑتال ختم کرنے اور دفاتر میں کام شروع کرنے کا حکم صادر کیا، اجلاس میں متعلقہ افسران کی تنخواہیں بڑھانے کے مراحل شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وائس چانسلر نے اجلاس کو بتایا کہ اساتذہ اور دیگر ملازمین کے باعث طلبہ کا مستقبل دا پر لگ چکا ہے، تمام متعلقہ انتظامی افسران اپنے دفاتر میں ملازمین کی حاضری یقینی بنائیں اور کام شروع کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ جو اساتذہ اپنے شعبہ جات میں حاضر نہ ہوئے تو ان کی جگہ ریٹائرڈ اساتذہ اور پی ایچ ڈی سکالرز سے رضاکارانہ طور تدریسی عمل شروع کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں