کراچی (عکس آن لائن) اداکارہ ثنا جاوید نے معروف شخصیات کی جانب سے منفی رویے کے حوالے سے لگائے جانے والے الزامات پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔گزشتہ چند دنوں کے دوران ثنا جاوید کے خلاف شوبز انڈسٹری کے متعدد افراد کی جانب سے بدتمیزی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، اب تک ثنا واقعات کے انکشاف کے دوران خاموش رہی تھیں لیکن اب اْن کا صبر جواب دے گیا۔اداکارہ نے ان الزامات کو لیگل نوٹس کے ساتھ حل کرنے کا فیصلہ کیا اور مداحوں کو اس کی اطلاع انسٹاگرام پر دی۔تفصیلی انسٹاگرام پوسٹ میں ایک قانونی دستاویز کی تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں جو پورے معاملے کے حوالے سے تفصیلات کی مزید وضاحت کرتی ہے۔
اپنی پوسٹ میں اداکارہ نے کہا کہ پچھلے 72 گھنٹوں میں مجھے ہر طرح کے جھوٹ اور من گھڑت کہانیوں، نفرت انگیز تقریر اور دھمکیوں کا نشانہ بنایا گیا۔اداکارہ نے کہا کہ لوگوں کے ایک گروپ کی طرف سے میرے خلاف ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت ایک مہم شروع کی گئی، جس سے ناصرف مجھے بلکہ میرے خاندان کو شدید صدمہ پہنچا ہے، میں یہ دیکھ کر حیران ہوں کہ لوگ کتنے کم عقل ہو سکتے ہیں اور ہر کوئی تمام حقائق کو جانے بغیر کتنی تیزی سے ان کی باتوں میں آ بھی جاتا ہے۔