سیؤل (عکس آن لائن) امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ ہم شام سے اپنی فوجیں نکال رہے ہیں لیکن تقریباً 600 امریکی فوجی وہاں تعینات رہیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات سے شروع ہونے والے اپنے ایشیا کے دورہ کے لیے روانگی کے وقت جہاز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابھی بھی شمال مشرقی شام سے اپنی فوجیں نکال رہے ہیں لیکن آخری روز تک 500سے 600 امریکی فوجی شام میں موجود رہیں گے۔
انہوں نے عراق اور اردن کے ساتھ جنوب مشرقی سرحد کے قریب شامی علاقہ التنف میں امریکی فوجی بیس میں 200 فوجیوں کی موجودگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی صدر نے پینٹاگون کو شمال مشرقی شام میں تیل کے ذخائر کے تحفظ کی ہدایت کی ہے جس کے پیش نظر وہاں تقریباً 600 فوجی تعینات رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیزیں بدلتی رہتی ہیں اور یہ تعداد کم یا زیادہ ہو سکتی ہے لیکن اگر یورپی اتحادی ممالک ہمارا ساتھ دیں تو ہم وہاں سے اپنی فوجیں مزید کم کر سکتے ہیں۔