توانائی کی پیداوار

2025تک قابل تجدید توانائی کی پیداوار 20فیصد تک بڑھادیں گے،عمر ایوب

اسلام آباد(عکس آن لائن )وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ2025 تک قابل تجدید توانائی کی پیداوار 20فیصد تک بڑھادیں گے،توانائی کی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے، ہماری حکومت صاف شفاف پالیسیاں لا رہی ہے،انرجی سیکٹر میں ملازمتوں کے بے تحاشہ مواقع پید ہو ں گے ، پاکستانی مارکیٹ دنیا میں بہت تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ ہے ، بہت ساری کمپنیاں یہاں آکر سرمایہ کاری کر رہی ہیں، بجلی کی قیمتوں میں مستقبل میں کمی آئے گی ،کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے کے باعث ہونے والی اموات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں ، اس کی رپورٹ سامنے آجائے گی،بہتر معیشت کیلئے توانائی میں خود کفالت ضروری ہے اور آنے والے وقتوں میں مہنگی توانائی کوسستی توانائی سے تبدیل کرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان آئل اینڈ گیس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

پاکستان آئل اینڈ گیس کانفرنس 2019سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ ملک میں توانائی کی طلب بڑھنے کی وجہ صنعتوں کا فروغ ہے اور ملک میں سرمایہ کاری اور پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پیداوار بڑھانا ہوگی، عمر ایوب نے کہا کہ توانائی ،پیداوار بڑھانے کیلئے متبادل ذرائع استعمال کرنا ہونگے اور توانائی کی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے،انہوں نے کہ دنیا میں ڈیجیٹل لائزیشن کی و جہ سے انقلابی تبدیلی رونما ہو چکی ہے جبکہ مستقبل میں پیداوار کے ساتھ سستی توانائی کو بھی یقینی بنانا ہو گا، وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے بہتر معیشت کے لئے توانائی میں خود کفالت ضروری ہے، آنے والے وقت میںمہنگی توانائی کو سستی توانائی سے تبدیل کرنا ہو گا جبکہ 2025تک قابل تجدید توانائی کی پیدا وار20فیصد تک بڑھائیں گے، پٹرولیم پیدا وار بڑھانے کیلئے بھی جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا ہوگا،

انہوں نے کہا کہ توانائی کے حصول کیلئے پرانے طریقے ختم کرکے نئے راستے اپنانا ہونگے،ملک کے مختلف شعبوں کو کمپوٹرائزڈ کر کے ان کی استعداد کار بڑھائی جا رہی ہے ، جبکہ جدید ٹیکنالوجی سے گاڑیوں میں ایندھن کے متبادل متعارف کرائے جا رہے ہیں اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی سے کم لاگت سے زیادہ منافع کمایا جا سکتاہے جبکہ ہماری حکومت کو ملک میں عوام کی بہتری کیلئے اقدامات کرنے ہونگے عوام کو روز گار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا اہم ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہے ، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کو جدید سہولتیں فراہم کرنا ہونگے، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب خان نے کہا کہ ہماری حکومت صاف شفاف پالیسیاں لا رہی ہے ،انرجی سیکٹر میں ملازمتوں کے بے تحاشہ مواقع پیدا ہو ں گے ، ملازمتوں کے مواقع سے ملک میں خوشحالی آتی ہے ، پاکستانی مارکیٹ دنیا میں بہت تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ ہے ، بہت ساری کمپنیاں یہاں آکر سرمایہ کاری کر رہی ہیں ، معیشت کا پہیہ بھی چلے گا روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں مستقبل میں کمی آئے گی ، کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے کے باعث ہونے والی اموات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں ، اس کی رپورٹ سامنے آجائے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں