کوئٹہ(عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ تمام اسمبلیوں میں ایک ساتھ الیکشن ہونے چاہئیں، پاکستان میں مسئلہ یہ ہے کہ طاقتور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ بلوچستان، سندھ اور اسلام آباد میں جو ایف آئی آرز کاٹی گئیں یہ کھلم کھلا قانون کی خلاف ورزی ہے، ملک کے اندر قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے، یہ کون سا طریقہ کار ہے کہ اغوا کر لیا جائے اور برہنہ کر کے تشدد کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملک جمہوریت کی بنیاد پر چلا تھا، قوم اور وکلاء برادری میں آگاہی آ رہی ہے، اس وقت ملک میں جو جہاد چل رہا ہے اس میں زیادہ سے زیادہ لوگ حصہ لے رہے ہیں،3سال8ماہ میں نیب نے جو ان پر کیسز بنائے وہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی اپنی حکومتوں نے ایک دوسرے پر کئے تھے، تحریک انصاف کے دور میں صرف رانا ثناء اللہ پر کیس بنایا گیا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ پرویز الہٰی صاحب کے اپنے خیالات ہیں اور تحریک انصاف کا اپنا ایک نظریہ ہے، ہماری رائے خان صاحب واضح بیان کر چکے ہیں،
پاکستان میں مسئلہ یہ ہے کہ طاقتور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، پاکستان دیوالیہ ہو رہا ہے کیونکہ ڈالر نہیں ہیں، الیکشن کروانے کیلئے ڈالرز کی ضرورت نہیں ہوتی۔اسد عمر نے کہاکہ حکومت کروڑوں کی گاڑیاں منگوا رہی ہے اور اربوں کی شاہ خرچیاں ہو رہی ہیں، عمران خان کی سیاست براہ راست عوام کے ساتھ ہوتی ہے، ملک جس بحران سے گزر رہا ہے جب تک نئے الیکشن کی طرف نہیں جاتے پاکستان کو بحران سے نہیں نکال سکتے، تمام اسمبلیوں میں ایک ساتھ الیکشن ہونے چاہیں۔