پاکستان ہاﺅس قرنطینہ

تفتان،پاکستان ہاﺅس قرنطینہ میں رکھے گئے افراد کی تعداد ا ڑھائی ہزار سے تجاوز کرگئی

تفتان(عکس آن لائن)پاک ایران بارڈر کے ذریعے ایران سے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور وہاں قرنطینہ میں رکھے گئے افرادکی تعدادا ڑھائی ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

تفتان اور چمن سمیت بلوچستان کے مختلف سرحدی علاقوں میں صوبائی حکومت کے اعلانات کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ کسٹمز حکام کے مطابق تفتان میں زائرین کے لیے مختص پاکستان ہاﺅس مسافروں سے بھرگیا جس کے باعث دیگر مسافروں کو ٹاﺅن ہال منتقل کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق ایران سے آنے والے زائرین سمیت 3 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو اسکریننگ کے بعد قرنطینہ سینٹر تفتان منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں ماسک، خوراک اور رہائش کی سہولت فراہم کی گئی ہیں۔

بارڈر انتظامیہ کے مطابق ایران سے مزید پاکستانیوں کی آمد جلد متوقع ہے۔ادھر پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر باب دوستی کی بندش کے باعث آمدورفت معطل ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 ہے جن میں سے دو مریضوں کا تعلق کراچی، دو کا اسلام آباد اور ایک کا گلگت بلتستان سے ہے۔حکومت نے ایران میں وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ملک میں حفاظتی اقدامات کے تحت بلوچستان کے ضلع تفتان سے پاک ایران بارڈر بند کررکھا ہے جب کہ چمن سے پاک افغان بارڈر بھی بند ہے۔اس کے علاوہ سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں