لاہور (عکس آن لائن) حکومت پاکستان کے ویژن اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق تعمیراتی شعبے کی ترقی اور گھروں کی تعمیر میں معاونت فراہم کرنے کے لئے پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ پورٹل زمین ڈاٹ کام اور ہاؤس بلڈنگ فائنانس کمپنی لمیٹڈ کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔ جس کے تحت زمین ڈاٹ کام اورہاؤس بلڈنگ فائنانس کمپنی لمیٹڈ صارفین کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں گھروں کی تعمیر سے متعلق معاونت فراہم کریں گے
معاہدے کے مطابق زمین ڈاٹ کام اور ایچ بی ایف سی اپنے اپنے شعبے کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کو مؤثر انداز میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے صارفین تک پہنچائیں گے ۔
اس حوالے سے لاہور میں منعقد ہونے والی تقریب میں زمین ڈاٹ کام کے سینئر ڈائریکٹر شجاع اللہ خان، ڈائریکٹر سیلز محمد حسن، مینیجر کارپوریٹ بزنس اینڈ بینکنگ محمد عمر فاروق، اسسٹنٹ مینیجر کارپوریٹ بزنس اینڈ بینکنگ زائرہ جاوید جبکہ ایچ بی ایف سی کے گروپ ہیڈ بزنس اینڈ آپریشنز فیصل مراد، یونٹ ہیڈ کارپوریٹ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا ریلیشن سیدہ ضوویہ ریاض کی موجودگی میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔
زمین ڈاٹ کام کے سینئر ڈائریکٹر شجاع اللہ خان کا کہنا تھا کہ زمین ڈاٹ کام پاکستان کے رئیل اسٹیٹ میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے ۔لاکھوں صارفین ہمارے ادارے سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ایچ بی ایف سی کے ساتھ معاہدہ فائدہ مند ثابت ہو گا او ر صارفین اپنے گھر کا خواب پورا کر سکیں گے۔
ڈائریکٹر سیلز محمد حسن نے کہا کہ ایچ بی ایف سی کے ساتھ یہ معاہدہ صارفین کو پاکستان میں کہیں بھی اپنا گھر تعمیر کرنے میں آسانی فراہم کرے گا
گروپ ہیڈ بزنس اینڈ آپریشن فیصل مراد کا کہنا تھا کہ دونوں اداروں کے مابین اس معاہدے سے عام صارف مناسب قیمت اور سہولت کے ساتھ اپنا گھر تعمیر کر سکیں گے۔