اسلام آباد (عکس آن لائن)ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کے مستقبل کے معمار ہیں اور انہوں نے ہی مستقبل میں قوم کی قیادت سنبھالنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور مقصد کے حصول کے لیے جنگی بنیادوں اقدامات پر اٹھا ئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی آرٹس کونسل میں سپیرئیر گروپ کالج راولپنڈی کی سالانہ تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ دنیا میں آگے بڑھنے کے لیے ہمیں تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جو بحیثیت قوم ہماری ناکامی ہے
انہوں نے ملک میں تعلیم کے فروغ کےلیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ملک میں تعلیم کے فروغ اور معیار کو بہتر بنانے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے طلباء پر اپنی تمام توانائیاں حصول علم پر صرف کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپکو تعلیم حاصل کرنے کا جو موقع ملا ہے اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور محنت و لگن سے تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے سکولوں میں اسلامی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے خیبر پختونخواہ میں معیار تعلیم کی بہتری کے لیے کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کی بدولت صوبے میں طلباءکی ایک بڑی تعداد نے پرائیویٹ سکولوں کو چھوڑ کر سرکاری سکولوں میں داخلہ لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب طلباء کے لیے مفت تعلیم کی فراہمی موجودہ حکومت کا ایک احسن اقدام ہے اس سے ملک میں تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا حکومت نے نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے کامیاب جوان پروگرام کا اجرا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے غریب اور نادار طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے احساس پروگرا م شروع کیا گیا ہے جس کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال اس وقت انتہائی کشیدہ ہے بھارت نے گزشتہ 116 دن سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ کرکے نظام زندگی کو مفلوج بنادیا ہے۔
مقبوضہ وادی کے بچوں کو ان کے گھروں میں قید کردیا ہے اور انہیں نہ ہی تو سکول جانے کی اجازت ہے اور نہ ہی وہ کھیل کے میدانوں میں جاسکتے ہیں۔ کشمیر کی موجودہ صورتحال عالمی طاقتوں اور امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر سطح پر مسئلہ کشمیرکو بھرپور طریقے سے اجاگرکر رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر اس جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔