لاہور(عکس آن لائن) سینئر اداکار شفقت چیمہ نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کا سلسلہ اس وقت شروع ہو گا جب تسلسل سے فلمیں بننا شروع ہوں گی۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ سنتوش کمار ، درپن ، لالہ سدھیر ، حبیب ، سلطان راہی ، محمد علی اور وحید مراد جیسے لیجنڈ اداکار اور ریاض شاہد ، نذر شباب ، پرویز ملک اور رفیق غوری جیسے ہدایتکاروں کے جانے سے انڈسٹری میں جس طرح خلا پیدا ہوا اس کو پورا نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی ان کے کوئی متبادل سامنے آئے ۔
اب جدید تقاضوںکو مد نظر رکھتے ہوئے جاندار سکرپٹ پر مبنی فلموں کا تسلسل ضروری ہے تاکہ پاکستانی سینما گھروں میں صرف پاکستانی فلموں کی نمائش ہو سکے ۔ شفقت چیمہ نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستانی سینما گھروں کو اپنی فلمیں نہ ملنے کے باعث کاروبار چلانے کے لئے بھارتی فلموں کی نمائش کرنا پڑی ۔مگر ہمارے پاس بہترین ٹیلنٹ موجود ہے ،اچھے ڈائریکٹرز کو ان کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ مستقبل میں وہ سینئر کے جانشین ثابت ہوں ۔