اسلام آباد (نمائدہ عکس ) وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تحریک عدم اعتماد پر کوئی پریشانی نہیں، صورتحال اطمینان بخش ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر مشاورت مکمل کرلی گئی۔ کور کمیٹی نے عدم اعتماد سے متعلق فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا اور اتفاق کیا کہ ڈی چوک پرملکی تاریخ کا سب سے بڑاجلسہ ہوگا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں اور مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی نکات پر بریفنگ دی جبکہ صوبائی صدور نے پارٹی کے تنظیمی معاملات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں، عدم اعتماد سےکوئی پریشانی نہیں صورتحال اطمینان بخش ہے۔
عمران خان نے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا اتحادی کہیں نہیں جا رہے ہمارے ساتھ ہیں، ڈی چوک پر انسانوں کا سمندر ہو گا ، مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے، کیسز منطقی انجام تک پہنچنے کے باعث اپوزیشن کو جلدی ہے۔ کور کمیٹی نے جارحانہ پالیسی جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ ٹولے کو عوام میں بے نقاب کیاجائے گا۔ حکمران جماعت نے ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا۔ بعدازاں وزیراعظم سے اٹارنی جنرل کی ملاقات بھی ہوئی جس میں قانونی امور پر مشاورت ہوئی اور مختلف قانونی امور پر گفتگو کی گئی۔