اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات پانچ فروری کو منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے۔
تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمشنر رؤف حسن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا باضابطہ شیڈیول جاری کیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق’ تمام رجسٹرد ممبران اپنی مرضی کے پینل یا چیئرمین کے امیدوار کے حق میں پاکستان بھر میں مختص مقامات پر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
پارٹی ممبران اپنا ووٹ ‘رابطہ ایپلیکیشن انٹرا پارٹی الیکشن ماڈیول’ کے ذریعے بھی ریکارڈ کرا سکتے ہیں اور 31 جنوری 2024 تک رجسٹر ہونے والے تمام ممبران کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہو گی۔کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 2 فروری 2024 کی رات 10 بجے تک ہوگی، امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی مرکزی اور صوبائی سیکرٹریٹ اور بذریعہ ای میل بھی جمع کرا سکیں گے۔
انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا باضابطہ اعلان 6 فروری کو کیا جائے گا۔سپریم کورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھنے کے بعد پی ٹی آئی نے اب دوبارہ پارٹی کے اندر انتخابات کروانے کا فیصلہ کر کیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 22 دسمبر کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کروائے گئے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دیتے ہوئے پارٹی سے بلے کا نشان واپس لے لیا تھا۔الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے لہذا جماعت بلے کے نشان کی اہل نہیں ہے۔