لاہور( عکس آن لائن)ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف جمہوری روایات کے فروغ، قومی ادروں کے استحکام اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے جس کیلئے پارٹی قائد عمران خان کی قیادت میں جدوجہد جاری ہے،
یہی وجہ ہے کہ حالیہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں عوام نے پاکستان تحریکِ انصاف کی کارکردگی اور پالیسیوں سے مطمئن ہو کر تاریخی کامیابی دلوائی ہے اور ثابت کر دیا ہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اکٹھی تمام جماعتوں کے بیانیے کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ او رکرپٹ عناصر کا احتساب ان کی پارٹی کا مشن ہے اور ماورائے آئین کسی بھی اقدام کو ہر گز قبول نہیں کیا جائے گا اور یہ تاثر کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کسی مخصوص پارٹی یا خاندان کو سیاسی انتقام کی نشانہ بنا رہی ہے تو یہ بالکل غلط ہے بلکہ ہر ادارہ آزادہے اور موجودہ حکومت کسی بھی ادارے میںکوئی دخل اندازی نہیں کر رہی ہے اور نہ ہی کرے گی۔
پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت قانون و آئین کی پابند ہے اور آئین کے تابع رہتے ہوئے اپنی تمام تر ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیتی رہے گی۔ ڈپٹی سپیکرپنجاب اسمبلی نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کے لئے معیشت پر ہر ممکن توجہ دی جا رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق معیشت میں انقلابی تبدیلیاں لا کر عوام کو دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے لا تعداد منصوبوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔جبکہ سابقہ حکمرانوں کی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک مہنگائی ، غربت ،بے روزگاری اور معاشی ابتری کاشکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔جن قومی مسائل میں وطن عزیز کو الجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے اس میں پاکستان تحریک انصارف اصولوں کی جنگ لڑ رہی ہے تاکہ حقیقت عوام کے سامنے لائی جاسکے۔ سابقہ حکمرانوں نے جس بے دردی اور بے رحمانہ طریقے سے ملکی خزانہ لوٹ کر اس ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ہے اس کو ٹھیک کرنے میں تھوڑا وقت درکار ہے اور عوام کو چاہیے کہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ملک کی بہتری اور ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر اپنا حصہ ڈالیں ۔