لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران نے مارکیٹوں اور بازاروںمیں تجاوزات، پارکنگ ،بجلی اور ٹیلیفون کی لٹکتی تاروں کے مسائل کوبھی ” خدمت آپ کی دہلیز پر ” مہم میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ دیرینہ مسائل کی وجہ سے تاجر طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے ،حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے لئے بھی فنڈز مختص کرے ۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ مارکیٹوں اوربازاروں میں پارکنگ ،تجاوزات ،بجلی اور ٹیلیفون کی لٹکتی تاروں کے مسائل اب گھمبیر صورتحال اختیار کر چکے ہیں ۔ تاجرحکومت کو سالانہ اربوں روپے کے ٹیکس کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن ان کے مسائل جوں کے توں ہے ۔ مطالبہ ہے کہ ان مسائل کو ” خدمت آپ کی دہلیز پر ” پروگرام میں شامل کیا جائے اور اس کے نتائج حاصل کرنے کیلئے ضلعی حکومت کے افسران کو فوکل پرسن کے طور پر مقرر کیا جائے ۔