لاہور(عکس آن لائن)چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) میاں نعمان کبیر نے کہا ہے کہ تجارتی خسارہ میں تین ماہ کے دوران 34.85فیصد کمی حکومت کی مضبوط معاشی پالیسیوں کا ثمر ہے ،تجارتی خسار ہ میں کمی حکومت کی بڑی کامیابی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر نے سینئیر وائس چیئرمین ناصر حمید خان اور وائس چیئرمین جاوید اقبال صدیقی کے ہمراہ گلبرگ آفس میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی جولائی تا ستمبر2019کے دوران برآمدات میں اضافہ جبکہ درآمدات میں کمی کے نتیجہ میں تجارتی خسارہ میں34.85فیصد کمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ملکی قرض جی ڈ ی پی کا 80فیصد ہوگیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے سے تجارتی خسارے میں کمی سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3ماہ میں کوئی قرضہ نہ لینا اور حکومتی اخراجات کو کنٹرول کرنے سے حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوئے ہیں ۔رواں مالی سال کے پہلے تین مہینوں میں بیرونی تجارت پر قابو پانے اور باہر سے سرمایہ کاری کیلئے 340ملین ڈالرز کے اضافہ سے صنعتی شعبہ کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں جس سے صنعتی شعبہ میں ملازمتوں میں اضافہ سے بے روزگاری میں کمی ہوگی۔