برلن (عکس آن لائن)جرمن چانسلر انجیلامیرکل نے کہا ہے کہ ملک میں امتیازی سلوک اور نسل پرستی کے خلاف جنگ میں اب بھی بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس سلسلے میں ایک سالانہ سماجی انضمام سمٹ کا ورچوئل انعقاد بھی کیا گیا۔ اس کانفرنس میں میرکل نے کہا کہ تعصبات کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتی نمائندوں اور بلدیاتی اداروں کے مندوبین کے علاوہ تارکین وطن کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کے عہدیداروں نے سماجی انضمام سے متعلق ایک قومی ایکشن پلان کی منظوری بھی دے دی۔ اس پلان میں ایسی حکمت عملی بھی شامل ہے، جس کے تحت معاشرتی زندگی میں تارکین وطن کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جائے گی۔ چانسلر میرکل نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ معاشرے کو مضبوط بنانے کے لیے سماجی تنوع کی اہمیت کو سمجھیں اور تارکین وطن کے پس منظر کے حامل افراد بھی سماجی انضمام کے عمل میں گرم جوشی دکھائیں۔