کانگریس

بی جے پی منافرت کا وائرس پھیلا رہی ہے، کانگریس

دہلی (عکس آن لائن) بھارت میں حزب اختلاف کی بڑی جماعت کانگریس نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے مودی حکومت کے اقدامات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران جماعت بی جے پی نفرت و تعصب کا وائرس پھیلانے میں مصروف ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کانگرس کی صدر سونیا گاندھی نے اپنی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے تعصب و نفرت پھیلانے کی مہم پر ہر شہری فکر مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ہم سب کو متحد ہوکر کورونا وائرس کے خلاف لڑنا چاہیے، بی جے پی مذہبی تعصب اور نفرت کا وائرس پھیلانے میں مصروف ہے، کانگریس نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت کے لاک ڈاؤن کی حمایت کا اعلان کیا تھا تاہم پارٹی کا کہنا ہے کہ تین مئی کے بعد اس طرح کا لاک ڈاؤن مزید تباہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران وباء کے پھیلاؤ میں بہت اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس کے ساتھ ہی تمام شعبوں کے کارکنوں خاص کاشتکاروں اور مزدوروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تجارت اور صنعت تباہ ہوچکی ہے اور بی جے پی کی حکومت کے پاس تین مئی کے بعد صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی واضح لائحہ عمل نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں