کراچی (نمائندہ عکس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ بیٹنگ میں جو خامی نظر آرہی ہے اس کو دور کرنے پر کام ہو رہا ہے۔نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے محمد یوسف نے کہا کہ جو خامی نظر آرہی ہے اس کو سب دیکھ رہے ہیں اور دور کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے کھلاڑی خود بھی خامی کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔محمد یوسف نے کہا کہ گیپ دیکھ کر ایکسٹرا کوَر پر سوئپ کر کے رنز بنائے جارہے ہیں، امید ہے جلد بہتری آجائیگی۔ماضی کے مڈل آڈر بیٹر محمد یوسف نے کہا کہ ایشیا کپ میں مڈل آڈر نے اچھا پرفارم کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے خلاف میچ میں نواز نے کامیابی دلائی، خوشدل نے بھی اوپر آکر اچھی بیٹنگ کی اور پاکستان کو کامیابی ملی۔بیٹنگ کوچ نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ مڈل آڈر نے پرفارم نہیں کیا، ہر میچ میں سارے کھلاڑی نہیں چلتے، ایک دو کھلاڑی ہی پرفارم کرتے ہیں۔
محمد یوسف نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ خامی کی نشاندہی ہوگئی، امید ہے انہیں جلد بہتری بھی نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ شان مسعود نے گزشتہ میچ میں نمبر 4 پر آکر شاندار بیٹنگ کی وہ اوپر آکر تو نہیں کھیلے۔بیٹنگ کوچ نے کہاکہ پاکستان کے ٹاپ آڈر میں اتنے بڑے نام ہیں جب وہ چلتے ہیں تو خود ہی گیم ختم کردیتے ہیں تاہم جب ٹاپ آڈر جلد آؤٹ ہوجاتا ہے تو مڈل آڈر اسکور کرتا ہے جس کی مثال گزشتہ میچ میں شان مسعود کی بیٹنگ سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے ہی آہستہ آہستہ سب پرفارم کریں گے تو بہتری آئے گی، ہر ٹیم میں بہتری کی گنجائش ہے۔ورلڈ کپ میں میتھیو ہیڈن کو مینٹور بنائے جانے پر محمد یوسف نے ان کی تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ میتھیو ہیڈن کی آمد ان کیلئے بھی اور ٹیم کے لیے بھی اچھی ہے۔