نیویارک(عکس آن لائن)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ان کا ملک سلامتی اور استحکام کے قیام، جامع ترقی پر توجہ مرکوز کرنے اور بات چیت، پرسکون اور کشیدگی میں کمی کے لیے گنجائش فراہم کرنے کی تمام کوششوں کی حمایت کرنے کا خواہاں ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ مملکت اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانونی حیثیت کے اصولوں پر عمل کرنے پرزور دیتی ہے اور ایک بہتر مستقبل کی خواہاں ہے۔ سعودی عرب انسانیت، ملکوں کی خودمختاری، آزادی اور اقدار کے باہمی احترام اور ان کے معاملات میں عدم مداخلت کیاصولوں پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مملکت کے وژن 2030 کا مقصد تعمیر و ترقی کی کوششوں کو اس انداز میں بڑھانا ہے جو ہماری آنے والی نسلوں کی امنگوں پر پورا اترے، خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں اپنا حصہ ڈالے، تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعات کو فروغ دے اور اقدار کو مستحکم کرے۔ کھلے پن، مکالمے، رواداری اور بقائے باہمی کے اصول کو آگے بڑھائے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مملکت انسانی حقوق کے معاملے کوبہت اہمیت دیتی ہے، کیونکہ اس کے ضوابط میں واضح متن شامل ہیں جن کا مقصد ان حقوق کو فروغ دینا اور ان کا تحفظ کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کا مقصد، ترقیاتی نقطہ نظر کے ذریعے ایک جامع اور پائیدار نشا ثانیہ تخلیق کرنا ہے جس کا مرکز اور ہدف انسان ہو جو حال کی ترقی کے پہیے کی رہنمائی کرے اور سائنس کے ساتھ مستقبل کی ترقی کو تخلیق کرے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب سلامتی اور استحکام کے قیام، جامع ترقی پر توجہ مرکوز کرنے، بات چیت کے لیے گنجائش فراہم کرنے، پرامن اور تنا کو کم کرنے، خطے کے ممالک سے کشیدگی سے بچنے اور مفادات کے تبادلے پر توجہ دینے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرنے کا خواہشمند ہے۔