کراچی(عکس آن لائن)پاکستا ن کے سرکردہ کمرشل بینک،بینک الفلاح نے2023کے دوران اپنے جامع بحالی اور تعمیر نو کے اقدام کے دوسرے مرحلے کی تفصیلات شیئر کی ہیں،جو2022میںسیلاب متاثرین کے فوری بچاؤ اور امداد کیلئے پہلے مرحلے کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔
بینک نے کمیونٹیز کو با اختیار بنانے اور پائیدار ترقی کے فروغ کے پختہ عزم کے ساتھ 24دیگر شراکت داروںکے ساتھ اس مشن میں حصہ لیا۔بینک نے طبی سہولیات،ہنگامی دیکھ بھال،رہائش ،تعلیم اور ذریعہ معاش جیسے اہم مسائل سے نمٹنے کیلئے تقریباً1.24ارب روپے تقسیم کئے۔
بینک الفلاح کے چیئرمین عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی بصیرت انگیز قیادت میں،جنہوںنے گزشتہ برس پاکستان میںآنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد بطور امداد 10ملین ڈالرز کا عطیہ دیا ،اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ثابت قدمی کے ساتھ بینک نے ایک پائیدار ،مساوی اور مالی طور پر جامع انداز میںکمیونٹیز کی از سر نو بحالی کیلئے دو جہتی حکمت عملی کے تحت مزید ایک قدم آگے بڑھایا۔
یہ اقدام متاثرین سیلاب کی فوری ضروریات پوری کرتا ہے اورطویل مدتی بحالی کیلئے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے۔پہلے مرحلے میں پاکستان بھر میںقابل بھروسہ اور قابل اعتماد غیر سرکاری تنظیموں(این جی اوز)کے ساتھ ملکر 338ملین روپے کے ساتھ فوری ریلیف فراہم کی گئی۔ ان شراکتوںنے سیلاب سے متاثرہ افراد کو پیچیدہ متاثرہ مقامات پر بچاؤ اور امداد فراہم کرنے میںمدد دی۔
بینک نے2023میںبحالی اور تعمیر نو پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 902ملین روپے کی تقسیم کے ساتھ سیلاب سے متعلق اپنی امداد کوششوںکے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا۔اس مرحلے میںکئی اہم شعبوں میںاقدامات اٹھائے گئے،جس میںپائیدار رہائش،طبی سہولیات ،تعلیم اور ذریعہ معاش کیلئے امداد شامل ہیں۔