لاہور(عکس آن لائن) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیساکھی کے رنگا رنگ تہوار کے موقع پر دنیا بھر اور پاکستان میں مقیم سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دیسی مہینہ بیساکھ بہار کے موسم کی علامت اور بیساکھی پیار ،محبت اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا ایک خوبصورت امتزاج ہے،بیساکھی کے رنگ اس خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور تمام صوبائی حکومتیں اس امر کو یقینی بنا رہی ہیں کہ بیساکھی کی رسومات ادا کرنے کے لیے پاکستان میں موجود مذہبی مقامات کا دورہ کرنے والے دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کو تمام تر سہولیات فراہم جائیں۔بیساکھی کے موقع پر میں آپ سب کو پیار، محبت اور امن کا پیغام دینا چاہتا ہوں،آئیں مل کر ایک پر امن دنیا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں ۔